بنگلورو،15؍اکتوبر(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے کہا ہے کہ ریاست میں بی جے پی مخلوط حکومت کو گرانے کی کوششیں چاہے جتنی بھی کرلے ، جے ڈی ایس بی جے پی کے کسی بھی رکن اسمبلی کو اپنی طرف راغب کرنے کی کوئی کوشش نہیں کرے گی۔
اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے کہاکہ یہ قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں کہ ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد جے ڈی ایس کچھ بی جے پی اراکین اسمبلی کو اپنی طرف کھینچ سکتی ہے۔
کمارسوامی نے کہاکہ جے ڈی ایس کانگریس قیادت اگر یہ ارادہ کرلے کہ کسی آپریشن کے ذریعے بی جے پی اراکین کو اپنی طرف کھینچ لے تو یہ بہت بڑا کام نہیں ہے، لیکن بی جے پی کی طرح وہ اس طرح کی حماقت کے قائل نہیں ہیں۔ اب تک چار پانچ مرتبہ آپریشن کمل کی کوشش بسیار کے بعد اب بی جے پی کو سمجھ لینا چاہئے کہ اس کی یہ کوششیں ریاست میں کامیاب ہونے والی نہیں ہیں۔ اس کے بعد بھی اگر وہ اپنی حماقت برقرار رکھتی ہے تو اس کا جواب مخلوط حکومت کو دینا آتا ہے۔